ایک دن بچوں کو اسکول چھوڑتے وقت جب بیٹی نے خرچے کے پیسے مانگے تو بٹوے میں ُکھلے نوٹ ختم تھے۔ میں نے جلدی میں بیٹی کو سو کا نوٹ تھما دیا کہ باقی واپس کردے گی۔
بیٹی نے اگلے دن پھر پیسے مانگے تو میں نے پچھلوں کا حساب مانگا۔ کہنے لگی وہ تو پتا نہیں کہاں گئے۔ میں نے پوچھا یہ کیا جواب ہوا۔ اگر آپ کو یہ ہی نہیں پتا کہ پچھلوں کا کیا ہوا تو آگے اور پیسے کیا سوچ کردوں۔ پھر اُس کو سمجھ آئی اور اُس نے پوری بات بتائی کہ میں نے پیسے ہاتھ میں پکڑے ہوئے تھے اور شائد وہ بے دھیانی میں میرے سے کہیں گر گئے۔ اب خیال سے اندر رکھ لوں گی ۔
اس ذمہداری کو سمجھنے پر میں نے اُس کو مزید خرچے کے پیسے تھما دیے۔
آج صبح صبح جب اخبار اُٹھایا تو معلوم ہوا کہ اب پاکستان جغرافی سیاست کی بجائے جغرافی معیشت پر دھیان دے گا۔ اور اس میں ہماری مدد ہمارا فولادی بھائی چین کرے گا۔ اُخوت اور بھائی چارے کا اظہار اپنی جگہ۔ تھوڑے بہت معاشی داؤ پیچ ہر وہ فرد اپنی جغرافیائی حدود میں استعمال کر ہی لیتا ہے جس کے پاس کوئی اختیار ہو۔ رشتہ اور اختیار جغرافیہ بھی بدل دیتا ہے۔ یہ انسانی نفسیات ہیں۔ انصار اور مہاجرین کے بھائی چارے نے بھی عرب کا جغرافیہ بدلا تھا۔ مگر اُس بھائی چارے کی بنیاد وہ احساس ذمہداری تھا جو اُن کی بنیادوں کو جکڑے ہوئے تھا۔
جغرافی معیشت بہرحال جغرافی سیاست کا ہی ایک آلہ ہے۔ اور بھائی وہی سگے ہوتے ہیں جن کی ذمہداری ایک ہو۔
صائمہ شیر فضل
#commonsense
#عام بات
Comments