ثریا کا شرارہ، بنٹی کی بائیک اور اماں کا غیبت نیٹ ورک:

 "اماں آپ کا فون بج رہا ہے۔ اُٹھا لیں کوئی نئی مخبری ہوگی"

بنٹی کرکٹ کا بیٹ لہراتا ہوا اماں کے فون کے پاس سے گزرا۔ سکرین پر آپا کا نام جگمگا رہا تھا۔ یہ  دیکھ کر بنٹی جلدی جلدی باہر بھاگا۔

اماں نے بنٹی کو جو اتنی تیزی سے باہر نکلتے دیکھا تو شدید غصہ آیا۔ ایسے بھاگا ہے جیسے کوئی بھوت دیکھ لیا ہو۔ اماں نے جلدی سے فون اُٹھایا تو لائن پر ریحانہ تھی۔ "السلام و علیکم اماں ، کیسی ہیں؟"

بیٹی کی آواز سن کر اماں کا تو جیسے دل ہی کھِل گیا۔ "بس ویسی ہی ہوں جیسے تیرے پچھلے فون پر تھی۔ اللہ کا شکر ہے۔ تو بتا آج اماں کیسے یاد آگئی ؟"

"اماں ایسے تو نا کہیں۔ مجھے تو آپ ہر وقت یاد رہتی ہیں۔ میں نے کہا کہ آپ سے ثریا کی خیر خبر لوں ۔ آج کل فیس بک پر میری نیوز فیڈ میں نظر ہی نہیں آتی۔ بلاک تو نہیں کردیا مجھے پچھلی بات پر"۔۔۔ریحانہ نے چھوٹتے ہی اینکوائری شروع کردی۔

"ارے بلاک کرنے کی کیا بات ہے۔ اطلاع ہی تو دی تھی تو نے ماں کو کہ سہلیوں کے پروفائیلز پر کیسی کیسی پوسٹس لائک کرتی ہے۔ ایسا بھی کیا کردیا تو نے۔ رُک جا تو میں اُس کا فون چیک کروں گی غسل خانے جاتی ہے تو"۔ اماں نے بھی نئی ٹھانی۔

"سچ کہہ رہی ہو اماں، میں ملک سے باہر بیٹھ کر اور کر بھی کیا سکتی ہوں ۔ اماں یہ بنٹی پر بھی اپنی نظر رکھیو۔ بائیک کی تصویریں ڈالی ہوئی تھیں پروفائیل پر  اور نیچے دوست کہہ رہے ہیں سیر پر کب لے کر جائے گا۔ اماں کوئی پتا نہیں یہ فیس بک پر لڑکے بھی لڑکے ہی ہیں کہ لڑکیاں ہیں۔ دھیان رکھیو"

"اچھا اب تو زیادہ دماغ نا کھا میرا۔ ایسا نہیں میرا بنٹی۔ تو بھی تو روز اپنا ہر نیا ڈنر سیٹ نکال کر کھانا سجا کر تصویریں ڈالتی ہے۔ کیا ریسٹورانٹ کھولنے لگی ہے؟ ہر بات پر تیرا دماغ اُلٹا ہی چلتا ہے۔ ویسے بھی میرا خبر رساں نیٹورک تیرے فیس بک سے بہتر ہے۔ تیرے ابا کی جرات نہیں مجھے بتائے بغیر دوستوں سے ملنے جائیں ۔ دونوں ماسیاں اُن کے دوستوں کے گھر بھی جاتیں ہیں۔ سلیم صاحب اور جاوٰید صاحب کی بیبیاں تو میری ہی طرف کلاس میں آتی ہیں"

"اماں سچی یہاں پر تو ایسا کوئی سسٹم چل ہی نہیں سکتا۔ یہ بھی اپنے ملک کی ہی برکتیں ہیں۔ ایسی آزدیاں پردیس میں کہاں، ویسے تو فیصل کی عادت اچھی ہے مگر کبھی کبھی بڑا دل گھبراتا ہے اللہ جانے کہاں سے آرہے ہیں مجھے کیا پتا، خبر رکھنے کا کوئی طریقہ ہی نہیں۔ یہ موئی انگریزنیاں نا خود اپنے شوہروں کی خبر رکھتی ہیں نا اُن کو اِن کی کوئی خبر" ریحانہ نے شکوہ کیا۔

"تو ٖفیصل کا فون ضرور چیک کیا کر جب وہ سو جاتا ہے" اماں نے نیک مشورہ دیا۔

"لو اماں اب ایسی بھی بے وقوف تھوڑا ہوں میں۔ کیمرہ بھی چیک کرتی ہوں گاڑی والا" ریحانہ نے شیخی بھگاری۔

آپا سانس بھی لے لیا کرو کبھی کبھی۔ تمھارے جیسی غلطی دو بار نہیں کریں گے فیصل بھائی"۔ بنٹی نے کمرے میں داخل ہوتے ہوئے اماں اور آپا کی گفتگو پر تبصرہ کیا۔اماں نے دور سے ہی ایک چپل بنٹی کی طرف پھینکی جِِسے کمال خوبی سے ڈاج کرکے بنٹی کچن میں چلا گیا۔

"بدتمیز نا ہو تو۔ تو برا نا منائیو ریحانہ۔ اس کو عقل نہیں " اماں نے بیٹی کا دل رکھنے کی کوشش کی۔

"اماں اس کو چھوڑ اصل بات سُن۔ کل ننھی خالہ کی بیٹی رقیہ کی کال آئی تھی۔ کہہ رہی تھیں ثریا میں بڑا ٹیلنٹ ہے۔ گلابی شرارہ بڑا پیارا لگ رہا تھا۔ میں تو کچھ بولی ہی نا۔ بس ہاں ہوں کردی۔ اب بولتی بھی کیا جب پتا ہی نہیں کون سے شرارے کی بات ہورہی ہے۔ بس اماں پھر جو میں نے فون رکھا تو کال پر کال ملائی ۔ ثریا کی جتنی سہلیوں کی بڑی بہنوں کو میں جانتی تھی سب سے کیسے کیسے ٹیڑھی بات کی کہ کچھ تو پتا چلے۔ آخر میں جو پتا چلا تو سچی میرا تو دل ہی ہل گیا۔ اماں یہ ثریا نے اپنا ڈریم شرارہ ڈریس ڈیزائین کرکے کسٹم سیٹننگ پر سہلیوں کے ساتھ شیئر کیا۔ دیکھ اماں کیسے پر نکل آئیں ہیں آپ کی لاڈلی کے۔ نظر رکھیو۔ کہیں پہن کر نکل ہی نا جائے کہیں۔ جین کے پیچ لگائے ہوئے تھے شرارے میں اور سچی قمیض کی لمبائی صرف پینتیس انچ! لاحول ولا قوة!" ریحانہ نے داستان سنائی۔

"توبہ توبہ، یہ کیسے پتا نا چلا مجھے۔ ہائے ہائے، جین کے پیچ۔ میرے مولا! " اماں کا تو سانس ہی جیسے رُک گیا۔ بنٹی نے کچن سے جھانکا۔ "اماں سانس لے لو۔۔۔، آپا ثریا کو بھی کال کر لیا کرو دنیا کو کرنے سے پہلے اور اماں آپ کی ہی بیٹی ہے ثریا۔ اسائینمنٹ تھی اُس کی ٹیکسٹائیل کی ۔ فیوزن کی کوشش کرہی تھی وہ۔ اتنی پاکٹ منی نہیں دیتی آپ کہ وہ بنا ہی لے وہ ڈریس"۔ اس دفعہ اماں کا جوتا سیدھا جا کر بنٹی کی ٹانگ پر لگا۔ سہلاتا ہوا کہنے لگا: 

"ڈبوئے گا اماں کو یہ غیبت نیٹ ورک"


صائمہ شیر فضل




Comments

Popular posts from this blog

THE MODERN SKEPTIC

Raising strong Muslims.

I am pained :