شطرنج کی بساط میں ہر مہرے کے پاس انتخاب کے لئے دو ہی گنجائشیں ہوتی ہیں۔
سیاہ یا سفید۔
غلامی فرض اور ہار جیت مقدر!
رب کائنات کی دنیا شطرنج کی بساط نہیں۔ یہاں سیاہ اور سفید الگ نہیں ایک دوسرے میں پیوسط ہیں ۔
حسن عدل لازم اصول ہے ۔
اطاعت طرز ہے۔
طریقت کے غلام انسانوں کی بادشاہی میں شطرنج کے مہرے بن جاتے ہیں۔ ہر قدم ایک چال اور ہر حرکت ایک وار۔
سیرت میں بالکل شروع ہی میں جس جگہ نبی ٌ کے چہرہ مبارک کا ذکر ملتا ہے۔ اُس کے بالکل قریب ہی اُن کی چال کا ذکر بھی ملتاہے۔ اُن کے قدم ایسے مظبوطی سے اُٹھتے تھے جیسے کسی بلندی سے اترتے انسان کو ڈھلان پر رکھنے پڑتے ہیں۔
اُنٌ کے جسم کا جھکاؤ آگے کی طرف ہوتا تھا۔ جس نے کبھی اسطرح چلنے کی کوشش کی ہوگی اُسے اندازہ ہوگا کہ اس حالت میںانسان کا جسم جلد تھکاوٹ کا شکار نہیں ہوپاتا۔ ایک شعوری عاجزی اپنی سی لگتی ہے اور راستے کی طوالت، اُس کے اتار چڑھاؤعام اور ناگزیر۔ نا جیتنے کی جلدی نا وار کی تیاری۔
صرف موجود کا گہرا ادراک اور بھلائی کی نیت۔
انسانی شعور کے یہ دو قدرتی آلات ہتھیاروں کی سہولت اور جنگ کی ضرورت، دونوں پر حاوی ہونے کی استطاعت رکھتے ہیں۔
مگر تکلیف دہ بات یہ ہے کہ وقتی راحت کا جنون بھی عادت میں بدل جاتا ہے اور طاقت کی افیون کے طلبگار بڑھ جاتے ہیں۔
معاشرے میں کسی بھی قسم کے عدل کا نفاذ صرف تب ہی ممکن ہوتا ہے جب رہنماء راستے کی طوالت اور پیچ و خم سے گھبراتےنہیں۔ انصاف کی چوٹ خود پر بھی آئے تو پیچھے نہیں ہٹتے اور جیتنے کی وقتی راحت کے جنون سے زیادہ عدل کے نفاذ میں کوشاںرہتے ہیں۔ ایسے لوگ آزاد ہوتے ہیں اور ایسے ہی لوگ اعتبار کے قابل ہوتے ہیں۔
اعتبار رب پر ایمان سے پھوٹتا ہے۔
پہلے رب پر پھر خود پر۔
رب پر اعتبار اطاعت پر آمادہ کرتا ہے اور خود پر اعتبار تبدیلی پر۔
چودہ اگست قریب ہے۔ غلامی سے آزادی کا راستہ طویل نہیں۔ صرف اعتبار کی کمی ہے۔
صائمہ شیر فضل
Comments